متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی،پاکستان  اور یو اے ای کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں ؛ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

23

اسلام آباد،07جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیر تعلیم ، پیشہ ورانہ تربیت اور قومی ثقافتی ورثہ شفقت محمود نے کہا ہے  کہ متحدہ عرب امارات بیرون ملک مقیم   پاکستانی کمیونٹی کا دوسرا بڑا گھر ہے ، وہ  دونوں ممالک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر   رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار   وزیر تعلیم نے بدھ کو یہاں پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی سے ملاقات  کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال سمیت  دونوں ریاستوں کے مابین ان کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں معززین نے تعلیم ، ثقافت اور مہارت کی ترقی کے میدان میں تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے کی ترقی اور بہتری کے لئے وزیر اعظم   عمران خان اور شفقت محمود کے وژن کو سراہا۔