وہاڑی،27 جولائی(اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ملتان سید خرم علی کی زیر صدارت پولیس لائنز وہاڑی میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او وہاڑی امیرعبداللہ خان نیازی، صدر ڈسٹرکٹ بارندیم اکرم پرویز، صدر انجمن تاجران ارشاد بھٹی، مسیحی برادری کے نمائندہ کے علاوہ ضلع بھر سےممبران امن کمیٹی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ملتان سید خرم علی کا کہنا تھا کہ امن، سماجی، معاشرتی اور معاشی ترقی کا ضامن ہے، رواداری، اتحاد، یگانگت بھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے، اسلام کے لغوی معنی سلامتی اور امن کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں جلوسوں کے راستوں کی صفائی اور مرمت کرائی جائے رات کے جلوسوں کے راستوں میں روشنی کا مناسب انتظام کیا جائے، علماء کرام تقاریر میں مذہبی، فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دیں اور مجالس اور جلوسوں کے وقت اور روٹ کی پابندی کی جائے۔
اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی نے بتایا کہ محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، شرپسند عناصر کی نگرانی شروع کر دی گئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں،مجالس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
اس موقع پر ممبران ضلعی امن کمیٹی نے امن برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ضلع وہاڑی کے مثالی امن کو برقرار رکھا جائے گا۔