مریم صفدرآزاد کشمیر میں  اپنی انتخابی مہم میں اپنے چچا مودی، اسکی انتہا پسندانہ سوچ، آر ایس ایس اور ہندتووا نظریےکا ذکر کیوں نہیں کرتیں؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

22

فیصل آباد، 17 جولائی  (اے پی پی ): وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ  مریم صفدرآزاد کشمیر میں  اپنی انتخابی مہم میں اپنے چچا مودی، اسکی انتہا پسندانہ سوچ، آر ایس ایس اور ہندتووا نظریےکا ذکر کیوں نہیں کرتیں، یہ صرف عمران پر  الزامات لگاتے ہیں جنہوں نے ہر عالمی سطح پر کشمیرکے سچے وکیل اور دلیر سفیر کا کردار ادا کیا ہے۔

ہفتہ کی دوپہر سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہ وہ مریم صفدر سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ سرٹیفائیڈ جھوٹی ہونے اور یہ کہنے کہ لندن تو کیا ان کی پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، پھر انہوں نے کیلبری فونٹ متعارف کروایا پھر نوازشریف کی ایک تصویر فوٹو شاپ کے ذریعے جعلسازی سے تیار کرکے پہلے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی اور بعد میں اسے غائب کردیااسی طرح وہ جب لاڑکانہ جاتی ہیں تو خود کو بھٹو اور زرداری کی بیٹی قراردیتی ہیں جب کہیں اور جاتی ہیں تو وہاں کی بیٹی بن جاتی ہیں اور اب ان کے پیٹ میں کشمیر کی بیٹی بننے کا مروڑ اٹھ رہا ہے لیکن جب وہ کشمیر کے کسی انتخابی جلسے سے خطاب کرتی ہیں تو اس ایک تقریر میں عمران فوبیا کے باعث کم از کم 25بار عمران خان کا نام لیتی ہیں مگر ایک بار بھی مودی کا نام نہیں لیاجاتا اور نہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کی بات کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کا سٹیٹس ختم کرنے کی آج تک مریم صفدر کی جانب سے مذمت نہیں کی گئی اور نہ ہی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط  کشمیر میں 80لاکھ سےزیادہ کشمیریوں کو کرفیو لگا کر پابند سلاسل کرنے اور روزانہ کئی کئی بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی شہادتوں پر انہوں نے کوئی احتجاج کیا۔انہوں نے کہاکہ مریم صفدر حریت رہنماؤں کو گرفتار اور بلاجواز نظر بند کرنے کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھاتیں اور ان کے منہ سے آر ایس ایس کا نام کیوں نہیں نکلتا۔

فرخ حبیب نے کہاکہ جب نوازشریف بھارت کے دورے پر گئے تو انہوں نے حریت رہنماؤں سے ملاقات کرنا بھی گوارہ نہ کی، اسی طرح اوفا ڈیکلریشن میں دونوں وزیراعظموں کی سطح پر ہونے والی ملاقات کے اعلامیہ میں نواز شریف نے کشمیر کا ذکر تک نہیں کیا حالانکہ شملہ معاہدہ ہو ،نیویارک یا  لاہور معاہدہ ان میں ہرجگہ نہ صرف کشمیر کا ذکر ہوتاتھا بلکہ سٹیک ہولڈر کے طورپر کشمیری حریت رہنماؤں کی مشاورت بھی شامل کی جاتی تھی مگر نوازشریف نے اپنے دور میں ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوتوا کا نام تک بھی مریم صفدر کی زبان پر نہیں آتا پھر بھی وہ خود کو کشمیر کی بیٹی کہتی ہیں جس پر انہیں شرم آنی چاہیے۔

 وزیر مملکت نے کہاکہ عمران خان نے کبھی حریت رہنماؤں سے ملنے سے انکار نہیں کیا بلکہ گذشتہ روز ایک بھارتی ٹی وی چینل پر جب پلانٹڈ سوال کیاگیا تو عمران خان نے واضح طورپر کہاکہ آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی دونوں ملکوں کے معاملات کو بہتری کی طرف لے جانے میں رکاوٹ ہے کیونکہ مودی پر ہندو توا کی سوچ غالب ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اقلیتوں کیلئے کوئی جگہ نہ ہو لہٰذا مودی کو یہ انتہا پسندانہ سوچ ترک کرنا ہوگی کیونکہ جب تک مودی آر ایس ایس کی پالیسی کو فالو کرتے رہیں گے اس وقت تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا اور نہ ہی پاک بھارت تعلقات معمول پر آئیں گے۔

 فرخ حبیب نے کہاکہ گذشتہ  75سال سے کشمیر کا مسئلہ حل طلب ہےتاہم پہلی بار وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کے سچے وکیل اور دلیر سفیر ہونے کا کردار اداکرتے ہوئے او آئی سی سمیت دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر نہ صرف مسئلہ کشمیر اجاگر کیا ،بلکہ واضح موقف اپنایا   کہ جب تک 5اگست کے اقدامات سے بھارت پیچھے نہیں ہٹتا ،ہم اس سے کوئی بات نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مریم صفدر کو چاہیے کہ وہ ابو بچاؤ مہم اور این آر او کیلئے تگ ودو کی بجائے کشمیریوں پر مودی کے ظلم کے خلاف اظہار یکجہتی کریں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کشمیر میں گلو کریسی پر اتر آئی ہے کیونکہ اپنے پچھلے 5سالہ دور اقتدار میں انہوں نے کشمیر کیلئے کچھ نہیں کیا نیز نوازشریف جو باہر بیٹھ کر ’’مجھے کیوں نکالا ‘‘کا راگ الاپ رہے ہیں وہ جان لیں کہ انہیں ان کے کرتوتوں نے نکالا۔

انہوں نے کہاکہ شریف خاندان وہ واحد بھگوڑا خاندان ہے جو پورے کا پورا اشتہار ی اور لندن میں مفرور ہے مگر چونکہ عمران خان نے ان کی دکھتی رگ پر پاؤں رکھا اور ایسی جگہ چوٹ لگائی جہاں انہیں سب سے زیادہ درد پہنچا اس لئے وہ عمران خان کے سر ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ جب تک عمران رہے گا ان کی احتساب سے جان نہیں چھوٹے گی لیکن وہ جان لیں کہ وزیر اعظم عمران خان کو بلیک میل نہیں کیاجاسکتا اور نہ ہی وہ کسی کو این آر او دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان قوم کے اداروں کو ٹھیک کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں ،جنہوں نے معیشت کو ٹھیک کرلیا ہے اور اب ان کی توجہ ادارہ جاتی اصلاحات کی طرف ہے، لہٰذا عوام مریم صفدر کے فریب میں نہیں آئیں گے اور 25جولائی کو کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد