تاشقند،16جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشیر تجارت اور وزیر خزانہ کاروبار کی ترقی کی اہمیت سے آگاہ ہیں اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ کاروبار کے فروغ سے ریونیو بڑھا کر قرضے واپس کرسکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے تاشقند میں پاکستانی تاجر برادری سے مکالمہ کے دوران کہا کہ ستمبر میں ازبکستان کے صدر کا دورہ پاکستان متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں ایس ایم ایز کے شعبہ کے فروغ کیلئے اقدامات کئے ہیں اور وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اس حوالے سے ایک جامع پالیسی تیار کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری شعبہ کے غیرضروری قوانین میں کمی اور کاروباری آسانیوں کی فراہمی کے حوالے سے سرمایہ کاری بورڈ نے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی سہولیات کیلئے حکومت پرعزم ہے،حکومت مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولیات کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ازبکستان کی کاروباری و صنعت کار برادری پر زور دیا کہ وہ زراعت، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کیلئے اقدمات کریں اور ان شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کی ترقی کی خواہشمند ہے تاہم کاروباری طبقہ کو بھی چاہئے کہ وہ صحیح ٹیکس ادا کریں۔