مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، میں ہمیشہ ہر سطح پر آپکا سفیر بنوں گا؛ وزیر اعظم عمران خان

58

باغ ، 17 جولائی (اے پی پی ): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، میں ہمیشہ ہر سطح پر آپکا سفیر بنوں گا۔

ہفتہ کو باغ آزاد کشمیر میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا رشتہ کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے جو ایک پورا نظریہ ہے، اس نظریہ کا ذکر آپ کے سامنے اس لئے کیا ہے کہ قوم ایک نظریہ کی بنیاد پر ہی بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آقا حضور ۖ نے عربوں کے قبلیوں کو اکٹھا کر کے دنیا کی امامت کی ، جس کے پیچھے بھی یہی نظریہ کارفرما تھا۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کو فلاحی ریاست بنا کر ریاست میں کمزور طبقوں کی ذمہ داری اپنے اوپر لے لی جو پہلے دنیا میں نہیں ہوا تھا ہم بھی یہی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیسے بنا اور ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی آزادی کیوں چاہتے کیونکہ اس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا اور قائداعظم نے طویل جدوجہد کی تھی۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالہ سے وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ کے اپنے بھائیوں پر فخر ہے جو ظلم کے سامنے کھڑے ہیں اور خود داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، برہان و انی جیسے خود دار نوجوانوں نے قربانیاں دی ہیں جن کی صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں قدر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے صبر، طاقت اور جذبہ کے ساتھ ظلم کے سامنے کھڑا ہونے پر فخر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جب 5 اگست کو کشمیر پر جب مزید مظالم کا آغاز کیا تو کوئی نہیں سمجھتا تھا کہ کشمیری یہ برداشت کریں گے لیکن انہوں نے اپنے جذبہ اور ایمان سے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہے جس پر ہم سب ان کو سلام پیش کرتے ہیں، خدا ہر مشکل کے بعد آسانیاں پیدا کرتا ہے، انشاء اللہ کشمیریوں کا بھی اچھا وقت قریب ہے۔

 وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں پوری دنیا میں آپ کا سفیر بن کر آواز  اٹھائوں گا۔ آر ایس ایس کے نظریہ کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت صرف کشمیر میں ہی نہیں بلکہ بھارت میں مسلمانوں، عیسائیوں اور سکھوں سمیت دیگر اقلیتوں پر بھی مظالم ڈھا رہا ہے، ہم ہر فورم پر ان کیلئے آواز بلند کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس پارٹی کے سربراہ کا پیسہ اور جائیداد ملک سے باہر ہو تو وہ جرات سے کھڑا نہیں ہو سکتا، اگر میرا پیسہ اور جائیداد بھی ملک سے باہر ہوتی تو میں کبھی بھی امریکہ کو Absolutely Not نہیں کہہ سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے نوجوان جس دلیری سے ظلم کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ کبھی بھی کسی ڈرپوک اور جھوٹے شخص کو اپنا لیڈر تسلیم نہیں کر سکتے۔