ملتان؛ممکنہ سیلاب سے نمٹنے ، عید الاضحیٰ اور محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ اجلاس

45

ملتان، 06 جولائی (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔اس کے علاوہ عید الاضحیٰ اور محرم الحرام کے موقع پر کسی بھی ایمرجنسی نمٹنے کے لئے پلاننگ مکمل کر لی گئی ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان کی زیرصدارت انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریاوں میں پانی کی صورتحال نارمل ہے،مون سون بارشوں کی صورتحال کو مانیٹر کرنے والے ادارے الرٹ رہیں تاکہ دریاوں کی صورتحال سے باخبر رہا جا سکا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بتایا کہ تھرڈ پارٹی کی جانب سے سیلاب سے نمٹنے کے لئے استعمال ہونیوالی تمام مشینری بارے رپورٹ موصول ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ فلڈ ریلیف کیمپس کے لئے تمام ضروری سامان کے انتظامات کر لئے گئے ہیں اور دریائی علاقوں میں مویشیوں کی ویکسی نیشن بھی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ دریا چناب اور نہروں میں پانی کی قدرتی گزرگاہوں میں حائل تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

محمد طیب خان نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اور عاشورہ محرم کے دوران تمام محکمے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم میں اپنے فوکل پرسن تعینات کریں۔انہوں نے شہر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ واسا شہر میں سیوریج کے مسائل فوری حل کرے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ اور ایس ڈی او انہار نے اجلاس کو بریفنگ دی۔واسا، کارپوریشن، پولیس، لائیوسٹاک،ایم ڈبلیو ایم سی اور محکمہ زراعت کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔