ملتان؛پولیس لائین میں شجر کاری ، ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی اور کمشنر جاوید اختر محمود نے پیپل کے پودے لگائے

12

ملتان، 14 جولائی (اے پی پی): پنجاب حکومت کا “ہفتہ خدمت آپ کی دہلیز پر” کے سلسلہ میں پولیس لائین ملتان میں شجر کاری کی گئی۔ ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی اور کمشنر جاوید اختر محمود نے پیپل کے پودے لگائے،چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ اور ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضا نے بھی پودے لگائے، پولیس لائین میں پیپل کے50 قدآور پودے لگائے گئے۔

 ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت

،پودےموسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے کا قدرتی ذریعہ ہیں، پودے ماحول کو خوشگوار اور دیدہ زیب بناتے ہیں اور زمین کی زرخیزی بڑھانے،زمین کو کٹاؤ سے بچانے میں اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت اور پودے مسقبل کے لیے بہترین سرمایہ کاری ہیں۔

 کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت اور پودے فطرت کی رنگینیوں کے عکاس ہیں، فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے درخت اور پودے اللہ کی بڑی نعمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کو سرسبز وشاداب بنانا میرامشن ہے، شہریوں کو بھی اس مشن کا حصہ بننا چاہیئے۔

 جاوید اختر محمود نے کہا کہ علاقائی آب و ہوا سے مطابقت رکھنے والے درخت اور پودے لگانے کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ خوبصورتی کے ساتھ ساتھ سایہ بھی دستیاب ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کی گرم وخشک آب و ہوا میں تبدیلی زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے ہی ممکن ہے۔