ملتان : ضلع بھر میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز،7لاکھ50 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے

55

ملتان ،31جولائی(اے پی پی ): ضلع بھر میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پولیو مہم کا افتتاح کیا۔پولیو مہم کے دوران 7لاکھ50 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے،پولیو مہم کو مزید موثر بنا دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام پولیو ورکرز کی مکمل ٹریننگ کرائی گئی ہے،محکمہ صحت کو پولیو مہم میں حصہ لینے والے تمام الائیڈ محکموں کی خدمات حاصل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تشکیل دیئے گئے مائیکرو پلان پر سو فیصد عمل کیا جائے گا اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی فیلڈ میں پولیو مہم کی مانیٹرنگ کریں گے جبکہ مہم کامیاب بنانے کے لئے2991 پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ،پولیو ٹیموں میں 2623 موبائل،222 فکس اور146ٹرانڑٹ ٹیمیں شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 620 ایریا انچارجز اور یو سی ایم اووز پولیو مہم کی مانیٹرنگ کریں گے اور پولیو مہم کا جائزہ روزانہ کی بنیاد پر لیا جائے گا۔
ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر راو امجد ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر علی مہدی اور ڈاکٹر فاروق احمد افتتاح کے موقع پر موجود تھے ۔