ملتان،06 جولائی (اے پی پی ):وائس چئیرمین اوور سیز پاکستانیز فاونڈیشن پنجاب وسیم رامے کی صدارت اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا،وائس چئیرمین نے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل سنے اور انکے حل کے لئے احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر وائس چئیر مین وسیم رامے نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوور سیز کے ایکٹ میں ترمیم کرکے افسران کو باختیار کر دیا ہے ، تمام افسران ایک ماہ کے اندر اوور سیز پاکستانیز کی درخواستوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا اوور سیز پاکستانیز کی درخواست پر ایک ماہ میں عملدرآمد نہ کرنیوالے آفیسر کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے اور ہاؤسنگ کالونیوں کے حوالے سے نیب اور اوور پاکستانیز فاونڈیشن کے مابین ایم او یو پر دستخط ہو گئے ہیں جبکہ اوورسیز پاکستانیز کے ساتھ دھوکہ اور فراڈ کرنیوالی ہاوسنگ کالونیوں کے کیسسز نیب کو بھجوائے جائیں گے۔
اے ڈی سی ریونیو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اوور سیز پاکستانیز کمیٹی ملتان میں429 درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں ، کمیٹی نے320 کیس نمٹا دیئے ہیں، 50 کیس سول کورٹ اور ایک کیس ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے جبکہ ریونیو کورٹ میں کوئی کیس زیر سماعت نہیں ہے۔
کمشنر اوورسیز پاکستانیز پنجاب خادم عباس شاہ اور اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان سمیت چیئرمین اوور سیز کمیٹی شعیب اکمل،اے سی سٹی خواجہ عمیر، ایس پی طلعت حبیب اور ممبر رانا شیراز بھی شریک ہوئے۔