ملتان،14جولائی(اے پی پی): ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مثالی صفائی کے لئے ایکشن پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ انتظامیہ کا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے”خدمت آپ کی دہلیزپر”پروگرام کے تحت ہفتہ عیدالاضحیٰ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا عزم، کمپنی کے آپریشنل ونگ کے تمام سٹاف کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں گی۔ عید کے تینوں ایام میں آپریشنل ونگ اور ورکشاپ کا سٹاف12 گھنٹے کام کرے گا۔
منیجر آپریشنز داؤد مکی کی زیر صدارت ملتان ویسٹ منیجمبٹ کمپنی کے آپریشنل سٹاف کے اجلاس میں ڈپٹی منیجرز اور تمام سیکٹرز کے انچارج شریک ہوئے، انوارالحق، عثمان خورشید، حبیب ظفر اور بلال بھٹہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
داؤد مکی نے کہا کہ عید آپریشن کے لئے225 گاڑیاں کرائے پر حاصل کرنے کے لئے کنٹریکٹ کر لیا گیا ہے اور کہا عرق گلاب، فینائل، چونا اور وائٹ پاوڈر کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے، عید نماز کے پیش نظر عید گاہوں اور بڑی جامعہ مساجد میں صفائی کا آغاز عید سے ایک دن قبل شروع کردیا جائے گا اور عید کے ایام میں آپریشنل ونگ کا سٹاف 12 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے گا، آپریشنل سٹاف کو لنچ اور پانی فیلڈ میں فراہم کیا جائے گا۔
داؤد مکی نے کہا کہ صفائی آپریشن کا آغاز علی الصبح کر دیا جائے گا، قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے لئے شہر میں14 سیکنڈری کلکشن پوائنٹ قائم کئے جائیں گےاور کہا کہ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے عیدایام میں روزانہ شام 6 بجے تک زیرو ویسٹ کا ٹارگٹ دیا ہے۔