ملکی جامعات مستقبل کے سلامتی سے متعلق چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز پر توجہ دیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ایئر یونیورسٹی سے متعلق بریفنگ اجلاس سے خطاب

14

اسلام آباد۔8جولائی  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا کی تیزی سے بدلتی صورتحال کے پیش نظر ملک کی سائبر سیکیورٹی مضبوط بنانے کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی جامعات مستقبل کے سلامتی سے متعلق چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز پر توجہ دیں، اچھی شہرت کی حامل بین الاقوامی جامعات کی مہارت سے استفادہ کرنے کیلئے تعاون کو فروغ دیا جائے۔وہ جمعرات کو یہاں ایئر یونیورسٹی سے متعلق بریفنگ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی ایئر مارشل ریٹائرڈ جاوید احمد نے صدر مملکت کو یونیورسٹی کی کارکردگی اور مختلف شعبوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے سلسلے میں پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں یونیورسٹی انتظامیہ اور فیکلٹی کے سینئر ممبران نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے ایئر یونیورسٹی کی کارکردگی اور مارکیٹ ضروریات کے مطابق طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تیزی سے بدلتی صورتحال کے پیش نظر ملک کی سائبر سیکیورٹی مضبوط بنانے کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے، ملکی جامعات مستقبل کے سلامتی سے متعلق چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر توجہ دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات انفارمیشن ٹیکنالوجی ، مصنوعی ذہانت ، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے کام کریں۔ صدر مملکت نے اچھی شہرت کی حامل بین الاقوامی جامعات کی مہارت سے استفادہ کرنے کیلئے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ طلباء کی فکری صلاحیتوں میں اضافے کیلئے تنقیدی سوچ اور تجزیاتی مہارت پیدا کرنا بہت اہم ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لئے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔