نارووال؛ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اورشہر کا دورہ، ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اورصفائی ستھرائی کا جائزہ لیا

36

نارووال، 07 جولائی( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے فوراً بعد  علی الصبح ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اورشہر کا دورہ کرتے ہوئے ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اورصفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔

 بعدازاں انہوں نے کمیٹی روم  میں منعقدہ اجلاس میں تمام محکموں کے افسران سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر  نے اس موقع پر کہا کہ گڈگورننس، ٹرانسپرنسی اور سروس ڈیلیوری پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ ان کی اولین ترجیح ہے، وزیراعلی کے ویژن کو ہرصورت شرمندہ تعبیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت لوگ بلاخوف وخطر اپنے مسائل بیان کریں، ان کے لئے دفتر کے دروازے کھلے ہیں، کرپشن پر زیرو ٹالرنس کے تحت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے کہا کہ افسران خوف خداکے تحت اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں، کام نہ کرنے والے افسران کسی صورت برداشت نہیں،تمام افسران وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور لوگوں کے مسائل کی طرف توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے افسران شہر میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں، میڈیا نمائندگان کی مثبت آراء کا احترام کیاجائےگا۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا  کہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائیں جائیں گے۔

 ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے سی ای او ہیلتھ اور ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد طارق کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت پر شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی اور وہاں پر صفائی ستھرائی کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔