اسلام آباد،8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ این سی اوسی نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کو جلسوں میں ایس او پیز پر خلاف ورزیوں سے متعلق خط بھیجا ہے، چوتھی لہر کا خدشہ ہے، اسلام آباد ہی نہیں، ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، ملک میں بڑھتے کیسز پر وزیراعظم کو بریفنگ دینے جا رہے ہیں،نوجوان کسی بھی ملک کا معاشی اور سماجی ڈھانچہ تبدیل کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل یوتھ کونسل کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ چوتھی لہر کا خدشہ ہے، اسلام آباد ہی نہیں، ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، ملک میں بڑھتے کیسز پر وزیراعظم کو بریفنگ دینے جا رہے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ عید پر پابندیاں لگائیں، عید کا مزا خراب ہو، ملک گیر لاک ڈاون کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مکمل لاک ڈاون کی طرف بالکل نہیں جائیں گے، سمارٹ لاک ڈاون جہاں ضرورت ہو کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت جوانوں کی ترقی و فلاح کیلئے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنا رہی ہے، نوجوانوں کو بااختیار اور با روزگار بنانے کیلئے مالی وسائل کی دستیابی اولین تر جیحات میں شامل ہے۔ اسد عمر نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کیلئے مختلف پراجیکٹس زیرِ غور ہیں۔انہوں نے کہاکہ زراعت، صنعت اور سروسز سیکٹرز کے علاوہ دیگر شعبوں میں نوجوانوں کو باروزگار بنانے کیلئے قرضے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں نوجوان آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے،نوجوان کسی بھی ملک کا معاشی اور سماجی ڈھانچہ تبدیل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نوجوان اپنے مسائل اور ان کے حل کو بہتر طور پر جانتے ہیں،حکومت نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنا چاہتی ہے،دنیا سے سیکھیں مگر خود پر اعتماد رکھیں۔