نوشہرہ، 01 جولائی(اے پی پی): تحصیل نوشہرہ ورکاں کی چھ لاکھ ابادی کے مکینوں کو کورونا ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک بشمول سرکاری ملازمین چالیس ہزار افراد کو کورونا ویکسین لگا دی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں راشد اقبال، ڈی ڈی او ڈاکٹر ظفر مقصود مان اور ایم ایس ڈاکٹر عرفان ریاض کی نگرانی میں کورونا ویکسین لگانے کا سلسلہ تحصیل بھر کے 25 بنیادی مراکز صحت میں بھی قائم کیا جا رہا ہے اور تین ہزار کی پہلی کھیپ تمام مراکز میں روانہ کر دی گئی ہے اور تمام بنیادی مراکز صحت میں کورونا ویکسین لگانے کا آغاز ہو چکا ہے اور تحصیل سطح پر قائم کورونا ویکسین سینٹر کے سٹور کیپر ڈسپنسر خان محمد کورونا ویکسین کی سپلائی فراہم کر رہے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں راشد اقبال کا کہنا ہے کورونا ویکسین لگوانے میں کوئی بھی شہری تاخیر اور کوتاہی سے کام نہ لے اور پوری دنیا میں پھیلے ہوئے اس وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔