تاشقند،15جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان کے موقع پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعاون کے سمجھوتوں پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعاون کے سمجھوتوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقریب کا انعقاد جمعرات کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ہوا۔ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کے علاوہ پاکستانی وفد کے اراکین اور ازبکستان کے اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ پاکستان اور ازبکستان کے مابین سٹرٹیجک پارٹنرشپ کے معاہدے پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف اور وزیراعظم عمران خان نے دستخط کئے۔ پاکستان اور ازبکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے۔ دونوں ملکوں نے تاجروں اور سیاحوں کے وفود کیلئے ویزہ عمل آسان بنانے کے معاہدہ پر بھی دستخط کئے۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔
پاکستان اور ازبکستان میں عسکری تعلیم کے شعبہ میں تعاون کے پروٹوکول پر دستخط کئے گئے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی روابط کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان کے ازبکستان کے دورہ کے موقع پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ثقافتی روابط کے فروغ اور کسٹمز کے شعبہ میں تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے۔ دونوں ملکوں نے دوطرفہ تزویراتی شراکت داری کے قیام کے معاہدے پر بھی دستخط کئے۔ وزیراعظم عمران خان ازبکستان کے 2 روزہ دورے پر ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ عارفوف نے تاشقند ایئرپورٹ پر پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات چوہدری فوادحسین، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور عاطف خان بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ازبکستان کے دورے پر ہیں۔