اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے بڑے ترقیاتی منصوبے لاہور شہر پر آبادی کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ رہائش فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو راوی سٹی اور لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت فیاض ترین، چوہدری فواد حسین، غلام سرور خان، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ پنجاب میاں محمودالرشید، مشیر وزیرِ اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، معاونِ خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سی ای او راوی اربن ڈولپمنٹ اتھارٹی عمران امین اور متعلقہ افسران وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کو راوی سٹی منصوبہ پر پیشرفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے میں ماحولیاتی تحفظ کی خصو صی ترجیح کے تحت جھوک، رکھ منیر اور رکھ شہید میں جنگلات اگائے جائیں گے، 30ہزار کنال کے رقبے پر محیط اس اربن فاریسٹ سے نہ صرف معدومیت کے خطرے سے دوچار جنگلی حیات کو تحفظ کی فراہمی میں مدد ملے گی بلکہ بائیو ڈائیورسٹی کے نظریہ پر قائم یہ جنگلات وائلڈ لائف سینکچریز کا کردار ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ 100 ایکڑ رقبہ پر محیط نالج پارک کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے جہاں جدید طرز پر یونیورسٹیوں کے کیمپس بنائے جائیں گے جس سے نہ صرف یہ پارک علم و تحقیق کا مرکز بنے گا بلکہ اس سے حاصل شدہ آمدن قائم کئے جانے والے جنگلات کی دیکھ بھال میں معاون ثابت ہوگی۔ مزید برآں اجلاس کو بتایا گیا کہ جنگلات کیلئے بائیو کاربن انجینئرنگ کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جنگلات کا قیام اور دیکھ بھال کی جائے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے رواں مون سون کے درختوں کی پرورش کیلئے موزوں ترین وقت میں اس کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو منصوبے میں پاکستان کے پہلے قابلِ تجدید توانائی والے صنعتی علاقے کے قیام پر بھی بریفنگ دی گئی جو تکمیل کے بعد 5 ہزار کے قریب چھوٹی اور بڑی صنعتیں اور روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ واضح رہے کہ منصوبے میں پہلی مرتبہ بلدیاتی سطح پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اجلاس کو لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پر پیشرفت سے آبھی گاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ راوی سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ حکومت کے بڑے ترقیاتی منصوبے ہیں جو لاہور شہر پر آبادی کے دباؤ کو کم کرکے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ رہائش فراہم کریں گے۔ وزیرِ اعظم نے منصوبے سے متعلق تمام قانونی امور کو حل کرکے مقررہ مدت میں تمام اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔











