تاشقند، 16 جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلق کی مضبوط بنیاد رکھی گئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط ہوئے، 130 سے زائد تاجروں کا وفد بھی ہمارے ساتھ ازبکستان کے دورہ پر آیا ہے، تاجروں کے وفد کی آمد سے تجارتی تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں، وزیر تجارت عبدالرزاق دائود نے دو ارب روپے کے معاہدوں پر دستخط کئے، افغانستان میں امن کی کوششوں کے لئے تاجکستان، ایران، ترکی، پاکستان اور ازبکستان کا ایک گروپ تشکیل دیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان اور ازبک صدر کے درمیان اڑھائی گھنٹے کی ملاقات ہوئی۔
جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے بڑی تعداد میں ازبکستان کی کاروباری شخصیات ملاقات کر رہی ہیں۔ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف نے وزیراعظم عمران خان کا شاندار طریقے سے استقبال کیا۔ وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر تاشقند شہر کو خوبصورتی سے سجایا گیا جو ازبک قیادت اور عوام کی پاکستان کے لئے محبت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ ازبکستان اسٹریٹجک اور اکنامک دو حصوں پر مشتمل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر تجارت عبدالرزاق دائود نے دو ارب روپے کے معاہدوں پر دستخط کئے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان معاہدوں کے نتیجے میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مضبوط کاروباری تعلقات کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مزار شریف سے پشاور اور اسلام آباد سے گوادر اور پھر تاشقند تک ٹرین کا منصوبہ بھی شامل ہے، اس کے علاوہ ایک منصوبہ ٹرک کے ذریعے نقل و حمل کا ہے جو کراچی سے تاشقند تک براہ راست آ سکے۔ اس منصوبے کے نتیجے میں لاگت میں بھی بچت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کل علاقائی روابط کے حوالے سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان معیشت کو ترقی دینے کے لئے ملٹی بلین ڈالر کے منصوبے لے کر آئے ہیں۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ ازبک صدر اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان تقریباً اڑھائی گھنٹے کی ملاقات ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ افغانستان میں امن کی کوششوں کے لئے تاجکستان، ایران، ترکی، پاکستان اور ازبکستان کا ایک گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے صدر بھی یہاں موجود ہیں، ان سے ملاقات کی تفصیلات بھی جلد شیئر کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مغل سلطنت کے بانی ظہیر الدین بابر کا تعلق فرغانہ ویلی سے ہے جو ازبکستان میں ہے۔ وزیراعظم نے تجویز پیش کی ہے کہ ظہیر الدین بابر پر پاکستان اور ازبکستان مل کر فلم بنائیں، اس کے علاوہ ازبکستان کے صدر نے مرزا غالب کی شاعری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ازبک حکومت اور پاکستان مل کر پہلے ظہیر الدین بابر پر فلم بنائیں گے اور اس کے بعد غالب کی شاعری پر فلم بنائی جائے گی۔