وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے ویژن ‘ خدمت آپکی دہلیز پر پروگرام، کے تحت محکمہ جنگلات کے زیراہتمام ہفتہ شجر کاری کا آغاز

29

نارووال،13 جولائی ( اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے ویژن،خدمت آپکی دہلیز پر پروگرام، کے تحت محکمہ جنگلات کے زیراہتمام ہفتہ شجر کاری کا آغازکیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس نارووال میں پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ سب ڈویژنل آفیسر فارسٹ آفتاب الرؤف احمد،رینج فارسٹ آفیسر جنگلات محمد جہانگیر،ایس این اے علی شیر،بلاک آفیسرمحمد شہباز و دیگر اس موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے اس موقع پر کہا کہ خدمت آپکی دہلیز کے تحت ضلع بھر میں ہفتہ شجرکاری مہم کے دوران 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، اور یہ ہفتہ 12جولائی سے 18 جولائی تک جاری رہے گا، اور اس پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جائے گا، لہذا تمام محکمہ جات سمیت تمام سیاسی سماجی ودیگر صحافتی تنظیمیں اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ جنگلات کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے کہا کہ پودے انسانی زندگی کے لئے ناگزیر ہیں، درخت نا کہ صرف انسان کو آکسیجن مہیاکرتے ہیں بلکہ آب وہوا کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں لہذا ہمیں زیادہ سے زیادہ پودے لگانا ہوں گے، اور ویسے بھی پودا لگانا صدقہ جاریہ ہے، اور سنت نبویؐ بھی،جس نے ایک پودا لگایا، اس نے جنت میں درخت لگایا۔

ایس ڈی او فارسٹ نے ڈپٹی کمشنر نارووال کو بتایا کہ پچھلے سال بھی ضلع بھر میں تقریبا ساڑھے نو لاکھ پودے لگائے گئے تھے، اس دفعہ بھی مقررہ ٹارگٹ سے زیادہ پودے لگائیں جائیں گے اور حکومتی ہدایات کی روشنی میں محکمہ جنگلات کی طرف سے محکمہ صحت، ایجوکیشن اور حساس اداروں کو مفت پودے فراہم کیے جائیں گے۔