ملتان،31جولائی (اے پی پی): وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترقیاتی منصوبوں پر برق رفتاری سے کام کا آغاز کرنے پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور عید الاضحیٰ پر صفائی کے بہترین انتظامات کرنے پر ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر کی تعریف کی ہے جبکہ واسا اور میپکو کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
وہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے118منصوبوں کی منظوری کے بعد ٹینڈرنگ کی تاریخ بھی دے دی ہے،ترقیاتی سکیموں پر تیز رفتاری سے کام کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے، جس کا کریڈٹ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عید پر صفائی کے حوالے سے بہترین کام کیا ہے،صفائی کے چیلنج سے عہدہ برآ ہو کر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی اور انکی پوری ٹیم نے انتہائی احسن کارنامہ سر انجام دیا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ واسا کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے اور یہ ادارہ سیوریج مسائل کے حل کرنے میں شہریوں کو ریلیف فراہم نہیں کر سکا جو کہ افسوسناک ہے۔انہوں نے میپکو کی کارکردگی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ممبران پارلیمنٹ میپکو کی کارکردگی سے بھی مطمئن نہیں ہیں، شہریوں کو بجلی کے میٹر دستیاب نہیں ہیں،میپکو کو عوام کے مسائل کی طرف توجہ دینا ہو گی اور کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا کہ بجلی کے ٹرانسفارمر کی خرابی کی صورت میں اس کی مرمت شہریوں کے لئے ایک مسئلہ ہے،مپیکو حکام عوام کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے فیلڈ میں موجود عملے کو ہدایات جاری کریں۔احمد حسن ڈیہڑ نے کہا کہ انہوں نے ایم این اے کے فنڈز سے واسا اور میپکو کو منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کئے ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا شہری لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پریشان ہیں،لوڈشیڈنگ کی وجہ سے انکے حلقے میں پاور لومز کا بزنس متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ واسا عاشورہ محرم سے قبل شہر کے متاثرہ سیوریج لائنوں کی مرمت کا کام مکمل کرے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے لینڈ ایکویزیشن کے مسائل حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے 118 اور ڈویژنل ورکنگ پارٹی نے60 منصوبوں کی منظوری دے دی ہے،منصوبوں میں درپیش رکاوٹوں کو حل کرنے کے لئے وہ خود سائیٹ کا دورہ کررہے ہیں۔
اجلاس میں سینٹر عون عباس بپی،ممبران صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی،سلیم لابر،وسیم خان بادوزئی اور جاوید اختر انصاری ،طارق عبداللہ، واصف راں، قاسم لنگاہ کے علاوہ خالد جاوید وڑائچ اور اکرم کنوں سمیت تمام وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسران شریک ہوئے۔