تاشقند، 16 جولائی (اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کے درمیان اڑھائی گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیااور افغانستان میں امن و استحکام کے لئے ملکر کردار کرنے کے عزم کا اظہار کیا، پاکستان اور ازبکستان نے آپس میں سٹریٹجک پارٹنرشپ معاہدہ کیا، دونوں ممالک کے درمیان مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاشقند میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے خطے کے اہم ممالک بالخصوص افغانستان کے پڑوسی ممالک پاکستان، ازبکستان، تاجکستان، ایران اور ترکی کے وزرائے خارجہ کو مستقبل قریب میں مل بیٹھ کر روڈ میپ طے کرنے کی تجویز پیش کی ہے ، وزیر اعظم نے تجویز کی کہ وزرائے خارجہ کی جانب سے پیشکردہ تجاویز پر سمٹ ہونا چاہیے، ازبک صدر نے وزیر اعظم کی اس تجویز کا خیر مقدم کیا اور اس کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر تمام پڑوسی ممالک کو تشویش ہے، تمام پڑوسی ممالک کے سروں پر مہاجرین کی آمد کا خوف منڈلا رہا ہے اور خطے کے ممالک کو افغانستان میں خانہ جنگی اور عدم استحکام کا خوف ہے اور کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ یہ خطہ ایسی کسی صورتحال سے دوچار ہو۔