وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان کے پہلے دن 453 ملین ڈالر کے معاہدے ہوئے ؛وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

79

تاشقند ،14جولائی  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان کے پہلے دن 453 ملین ڈالر کے معاہدے ہوئے ہیں ۔

جمعرات کو تاشقند میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ تاشقند کے دوران پہلے دن ہمارا بزنس فورم کا اجلاس ہوا ہے جس میں پاکستان سے 130 کے لگ بھگ، اہم بزنس ہاؤسز کے نمائندگان نے شرکت کی اور ان کی بزنس ٹو بزنس، ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ازبکستان کے کاروباری افراد میں، پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کا اشتیاق دیکھنے میں آیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع مواقع اور امکانات موجود ہیں،آج(جمعرات کو) 453 ملین ڈالر کے معاہدے ہوئے ہیں۔