وزیر اعظم کا دورہ ازبکستان بہت  کامیاب رہا، ازبکستان کے ساتھ 71 مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے ؛عبدالرزاق داؤد

36

سیالکوٹ،17جولائی  (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ہمیں علاقائی تجارت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،وسط ایشائی ممالک کے ساتھ ہماری تجارت بہت کم ہے،پاکستان درست سمت کی جانب گامزن ہے،وزیر اعظم کا دورہ ازبکستان بہت  کامیاب رہا، ازبکستان کے ساتھ 71 مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ  کے دورے کے موقع پر  سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں برآمد کنندگان اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں حکومت کی جانب سے   تاشقند میں سنگل کنٹری ایگزیبشن منعقد  کروائی جائے گی ۔ انہوں نے سیالکوٹ کے برآمد کنندگان سے درخواست کی کہ وہ بین الاقوامی سطح پر  منعقد نمائشوں میں شرکت کریں اور اپنی مصنوعات دنیا کے سامنے رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے سی آئی ایس ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔جس سے ہمارے تاجر فائدہ حاصل کر سکتے ہیں ۔

عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ  ازبکستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر دستخط ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 42فی صد را  مٹیریل کو ڈیوٹی فری کر دیا گیا ہے،ڈی ایل ٹی ایل کے معاملات کو جلد حل کر لیا جائے گا۔انہوں نے سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کو گزشتہ برسوں کےمقابلے میں زیادہ برآمدات  کرنے پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے سیالکوٹ  چیمبر میں ہونے والی   ای کامرس ٹریننگ کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، سرجیکل ایسوسی ایشن، لیدر ایسوسی ایشن، اسپورٹس گڈز ایسوسی ایشن اور گلووز ایسوسی ایشن،پاکستان کارگوایسوسی ایشن ،ائیر سیال اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے نما ئندوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل  کو حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔