سیالکوٹ،18جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرطارق فاروق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کلین گرین پاکستان انڈکس فیز 2کے تحت سیالکوٹ شہر کی تمام گرین بیلٹس میں اربن پلانٹیشن کا آغاز کردیا گیا ہے ،ضلع انتظامیہ مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے شہر کی گرین بیلٹس میں 10فٹ اونچے میواکی (اربن فاریسٹ ) شجرکاری کررہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پسرور روڈ گرین بیلٹس میں 10فٹ اونچا درخت لگا کر اربن فاریسٹ پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس سلسلے میں مون سون2021ءمیں ایک مربوط پلان تشکیل دیا گیا جس میں میونسپل کارپوریشن، پارکس اینڈ ہارٹی کلچرل اتھارٹی اور محکمہ جنگلات ضلع سیالکوٹ میں 6لاکھ سے زائد درخت لگائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے پراجیکٹ سپانسرز کلین اینڈ گرین چیمپیئن امین احسن کا ماحول دوست پراجیکٹ میں تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیر آباد اور پسرور روڈ سمیت شہر میں 5سرکاری پلاٹس پر میواکی شجرکاری کی جائے گی ۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ماحول دوست پراجیکٹ میں اپنا حصہ ڈالیں اور اپنے اردگر د جس قدر ممکن ہوسکے درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کریں یہ ہمارا قومی ، مذہبی او ر اخلاقی فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم نے درخت نہ لگائے تو آئندہ آنے والی نسلوں میں آلودگی اور شدید موسمی تغیرات وارثت میں دیکر جائیں گی ۔
اس موقع پر ڈائریکٹر نظام سنز امین احسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔