وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت محکمہ بہبود آبادی کے  حوالے سے خصوصی کمیٹی کا اجلاس

29

لاہور، 07جولائی (اے پی پی): وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے سول سیکرٹریٹ میں محکمہ بہبود آبادی کے  حوالے سے خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبہ بھر کے چھ سو فیملی ویلفیئر مراکز کے 34 سو سے زائد ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع پر غور و خوض کیا گیا۔

محکمہ بہبود آبادی کے افسران نے مسئلہ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملازمین سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ایک جاری منصوبے کے لیے بھرتی کیے گئے ہیں، فیملی ویلفیئر مراکز کی ملازمین کو چھ چھ ماہ کی توسیع دی جاتی رہی ہے اور ان کی آخری توسیع دسمبر 2021 میں ختم ہو رہی ہے، وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ان ملازمین کے کنٹریکٹ میں مزید توسیع کے لیے تجاویز دی جائیں۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع دینے کے لیے کرائٹیریا طے کرکے کمیٹی کو بھجوایا جائے، ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کرنے کے لیے سمری وزیراعلیٰ کو بھجوائی جائے گی اور وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد ملازمین کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

 اس اجلاس میں محکمہ بہبود آبادی کے وزیر کرنل ہاشم ڈوگر اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔۔