سیالکوٹ، 03 جولائی (اے پی پی ): معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں بزنس کمیونٹی اور مزدور کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہے، حکومت نے بجٹ میں پسے ہوئے طبقات، کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ، تعلیمی پالیسی، معیاری ہیلتھ کیئر کو یقینی بنانے کیلئے یونیورسل ہیلتھ کارڈ اور ہیومین ریورس ڈویلپمنٹ کیلئے خطیر روم مختص کی جبکہ عوام کی جائز ضرویات کا خیال رکھتے ہوئے مثالی بجٹ مرتب کیا۔
ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کے زیر اہتمام دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے صنعتکاروں کے مسائل حل کئے ہیں اور انڈسٹری کی ترقی کیلئے اہم قدم اٹھارہے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق انڈسٹریز کےتمام شعبہ جات کو مساوی توجہ دی گئی ،وزیر اعظم کی قیادت میں صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے،حکومت بلاامتیاز تمام صنعتکاروں اور انڈسٹری کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت کی اکنامک ریفارمز کی بدولت ملکی برآمدات میں 18فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا،سیالکوٹ میں 32فیصد اضافہ دیکھنے میں ملا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پوری دنیا کو ایک ہی پیغام دیا کہ ہمیں امداد نہیں ٹریڈچاہئے،صنعتکاروں اور برآمدکنندگان کوآج کا ترقیافتہ اور مضبوط پاکستان مبارک ہو،ملک وقوم کے مفاد میں عمران خان کسی رکاوٹ کو قبول نہیں کرینگے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایف بی آر اور بزنس کمیونٹی کا چولی دامن کا ساتھ ہے،ڈیجیٹیلائزیشن کے استعمال سے 18فیصد زیادہ ریونیو اکٹھا ہوا،حکومت پنجاب 380ارب روپے پنجاب کی سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور مرمت پر لگایا جائے گا،مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے جارہے ہیں،دنیا کو پاکستان کا اصل چہرہ دکھائیں گے،سیالکوٹ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہا ہے، سیالکوٹ ٹینری زون کیلئے 35کروڑ روپے مختص کیے ہیں ، نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے دینے کیلئے 10ارب روپے رکھے ہیں،ساڑھے 16ارب روپے کی لاگت سے انجینئرنگ ٹیکنالوجی یونیوڑسٹی سیالکوٹ میں تعمیر کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان کی قیادت میں 106ارب روپے کا کورونا ریلف فنڈ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی و فوجی قیادت اور عوام ملکی مفاد کیلئے یکجا ہیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما قیصر اقبال بریار نے کہا کہ سیالکوٹ کی تعمیر وترقی اور تقدیر بدلنے کیلئے بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کئے جارہے ہیں۔16.5ارب روپے کی لاگت سے انجئنرنگ ، ٹیکنالوجی یونیورسٹی بننے جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک ہزار ایکڑ کا ماڈل انڈسٹریل زون بننے جارہے ہیں ، 50ایکڑ پر سرجیکل سٹیز بننے جارہا ہے تا کہ منظم طریقے سے سرجیکل انڈسٹری فروغ پاسکے جس ویژن سے ایوان صنعت وتجارت میں صدر بن کر آیا اسی مقصد سے سیاست میں آیا ہوں، خدمت کی سیاست کو فروغ دونگا۔
جنرل سیکرٹری سیالکوٹ بزنس کمیونٹی شیخ ہمایوں ریاض اور چودھری احسن نعیم بھٹہ نے کہا ہے سیالکوٹ بزنس کمیونٹی ناصرف پسرور روڈ کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے بلکہ شہر کی تعمیر وترقی میں حصہ ڈالتی رہے گی۔
ظہرانے میں طاہر محمود ہندلی، جنرل سیکرٹری سیالکوٹ بزنس گروپ ہمایوں ریاض شیخ ، احسن نعیم بھٹہ،شیخ احسان الہی، عرفان راغب، شیخ علی افضل ، شیخ احتشام تھاپراور حاجی طارق حسین کے مقامی صنعتکار، مینوفیکچررز اورمحنت کشوں نے شرکت کی۔