وفاقی کابینہ کا تحریک لبیک پر  پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

8

اسلام آباد، 13 جولائی  (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے اطلاعات چوہدری فواد حسین  نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پر  پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن سے ٹی ایل پی کا انتخابی نشان منسوخ کروانے کے لیے  اقدام کیا جائے گا۔

منگل کو یہاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات  چوہدری  فواد حسین  نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان نامی تنظیم کی جانب سے نظرثانی کی درخواست پر غور کے لئے قائم کمیٹی کی رپورٹ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کمیٹی کی جانب سے پنجاب حکومت اور تنظیم کے موقف کو سننے اور حقائق کی چھان بین کرنے کے بعد کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ تنظیم پر پابندی لگانے کا فیصلہ میرٹ اور حقائق پر کیا گیا تھا۔ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کابینہ نے پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔