وہاڑی؛ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنر کا مختلف دیہی مراکز مال کا دورہ ، فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا

65

وہاڑی ،30جولائی(اے پی پی ):  ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو  اشفاق الرحمن اور اسسٹنٹ کمشنر  محمد جعفر چوہدری نے مختلف دیہی مراکز مال کا دورہ کیا اور فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے دیہی مراکز مال 35ڈبلیو بی اور 53ڈبلیو بی کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وہاڑی اشفاق الرحمن نے کہا کہ حکومت پنجاب اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہی کی ہدایت پر دیہی مراکز مال بنائے گئے ہیں، دیہی مراکز مال میں لوگوں کو فرد ملکیت کا حصول، جائیداد انتقال اور دیگر ریونیو سہولیات ان کے قریب ترین علاقوں میں میسر آرہی ہیں، دیہی مراکز مال کے قیام سے اراضی ریکارڈ سنٹر پر بوجھ کم ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ دیہی مراکز مال سے لوگوں کو دور دراز سے سفر کر کے اراضی ریکارڈ سنٹر پر آنے کی بجائے اپنے قریبی علاقوں میں ریونیو سہو لیات میسر آئیں گی، جس سے لوگوں کا وقت بھی بچے گا اور سفر ی اخراجات بھی کم ہوں گے ۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی محمد جعفر چوہدری نے کہا کہ دیہی مراکز مال کے قیام سے عوام کو بہتر انداز میں سہولیات کی فراہمی ممکن ہو ئی ہے،حکومت پنجاب کے اس اقدام کو لوگوں کی طرف سے بہترین پذیرائی مل رہی ہے۔