پاراچنار میں نیورو سائیکاٹرک کانفرنس کا انعقاد

23

پاراچنار، 12 جولائی(اے پی پی): پاراچنار میں نیورو سائیکاٹرک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف امراض اور تدراک کے حوالے سے شعور اجاگر کیا گیا۔ گورنر کاٹیج پاراچنار میں پاکستان نیورولوجیکل سوسائٹی اور پاکستان سائیکاٹرک سوسائٹی کے زیر اہتمام دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں دماغی ذہنی اور نفسیاتی موضوعات پر پروفیسر ڈاکٹر علی مفتی، پروفیسر ھما، پروفیسر ظفر محمود، پروفیسر ڈاکٹر میاں ایاز الحق، ڈاکٹر مہتاب خان، ڈاکٹر یداللہ اور پروفیسر ڈاکٹر عمران خان نے اپنے ماہرانہ تحقیقاتی مقالے پیش کئے۔

افتتاحی تقریب میں کمانڈنٹ کرم ملیشیا کرنل جمیل الرحمٰن، اے ڈی سی نعیم طورو، ڈی ایچ او ڈاکٹر عطا اللہ نے پاراچنار میں کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم تقریبات سے نہ صرف مختلف امراض کے حوالے سے شعور اجاگر ہوگا بلکہ پاراچنار کا سافٹ امیج بھی سامنے آئے گا۔

سیمینار کے اختتام پر چیٔرمین آرگنائزنگ کمیٹی پروفیسر میاں ایاز الحق، سائیکاٹری سوسائٹی کے انفارمیشن سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر علی مفتی، پروفیسر ڈاکٹر عمران خان اور ڈاکٹر امجد فخری نیورولوجسٹ نے ڈاکٹروں کا کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں بھی اس قسم کے سیمینارز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو بھی بروقت ضروری معلومات فراہم کئے جاسکیں اور عوام جدید تحقیق اور سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔