پاکستان اور ازبکستان کو تجارتی اور اقتصادی تعلقات کومزید فروغ دینا چاہیے، وزیر اعظم عمران خان کا بزنس فورم کی  افتتاحی تقریب سے خطاب

28

تاشقند۔15جولائی  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نےازبکستان  اور پاکستان    کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے جمعرات کو ازبکستان پاکستان بزنس فورم کا افتتاح کیا۔ ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ آریپوف نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا۔  وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں ازبکستان کے ساتھ پاکستان کے تاریخٰ، ثقافتی اور روحانی روابط کو اجاگر کیا اور علاقے کی بڑی معیشت کے طور پر  وسط ایشیا اور ازبکستان کے ساتھ گہرے روابط کے لئے پاکستان کی طرف سے دی جانے والی اہمیت کاذکر کیا۔ وزیراعظم نے اس امرپر زور دیا کہ  دونوں ممالک  کو تجارتی اور اقتصادی تعلقات کومزید فروغ دینا چاہیے۔ 100 سے زائد پاکستان کی بڑی کاروباری شخصیات کی بزنس فورم میں شرکت کاذکرکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ازبک کاروباری شخصیات کے ساتھ مضبوط شراکتداری کو فروغ دینے کایہ ایک بڑا موقع ہے ۔وزیر اعظم نے دونوں ممالک کی مختلف کمپنیوں کے درمیان بڑی تعداد میں کاروباری معاہدوں کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم نے بالخصوص رابطے کے فروغ کی بنیادی اہمیت پر زور دیااور اس سلسلہ میں پاکستان کی بندرگاہوں کے ذریعے رسائی فراہم کرنے کے لئے تعاون فراہم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔  وزیراعظم نے ٹرمز، مزار شریف، کابل  اور  پشاور  کوملانے والے ریلوے منصوبے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ آپس میں  رابطے کے فروغ کے ایجنڈے کو بڑھانے کے لئے افغانستان میں امن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے امن عمل کی حمایت کے لئے پاکستان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔بزنس فورم میں  مختلف  بڑے برآمدی شعبوں  اور لاجسٹک خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں  کی نمائندگی کرنے والے 100 سے زائد بڑی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ بزنس فورم کا  انعقاد  پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت کافروغ ،  کاروباری وفود کے درمیان رابطے بڑھانا،  تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی نشاندہی  اور کاروباری منصوبوں میں نجی شعبے کو شامل کرنے کے لئے کیا گیا۔