پاکستان اور ازبکستان کے تاریخی ، ثقافتی اور روحانی روابط ہیں۔ پاکستان اورا زبکستان کے  عوام کے صدیوں پرانے تعلقات ہیں:  وزیراعظم عمران خان

23

تاشقند۔15جولائی  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے  پاکستان اور ازبکستان کےصدیوں پرانے تاریخی، ثقافتی اور روحانی  تعلقات  کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ   دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور دوطرفہ روابط کے  مزید فروغ  سے خطے میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی،   پاکستان وسطی ایشیا کو دیگر دنیا کے ساتھ ملانے اور تجارت کا محور بننے کی بھرپور صلاحیت کا حامل ہے، پاکستان ازبکستان کو اپنی بندرگاہوں کے ذریعے مشرق وسطیٰ اور افریقہ تک رسائی دے سکتا ہے ،  ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارت سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا،  افغانستان میں پرامن سیاسی حل کے خواہاں ہیں، افغانستان میں امن خطے کے لئے اہم ہے، افغانستان میں حالات بہتر ہونے سے پاکستان، افغانستان ،ازبکستان ریلوے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار جمعرات کو یہاں  ” وسطی اور جنوبی ایشیا 2021 ؛ علاقائی رابطوں  کے چیلنجز اور مواقع ” کے موضوع پر پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ  انہیں ازبکستان کے دورے سے دلی مسرت ہوئی ہے۔ پاکستان اور ازبکستان کے تاریخی ، ثقافتی اور روحانی روابط ہیں۔ پاکستان اورا زبکستان کے  عوام کے صدیوں پرانے تعلقات ہیں ۔ازبکستان کے وزیراعظم اور  کاروباری برادری کو یقین دلاتے ہیں  کہ ہمارے یہ تعلقات ابھی آغازہیں۔