پاکستان میں آم کی  300 سے زائد  اقسام ہیں جن میں سے کچھ بہت زیادہ ذائقہ دار اور خوشبو دار ہیں ؛ وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی

15

 

اسلام آباد،2جولائی  (اے پی پی): وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ   پاکستان میں آم کی  300 سے زائد  اقسام ہیں جن میں سے کچھ بہت زیادہ ذائقہ دار اور خوشبو دار ہیں ، ہائی ویلیو ایگریکلچر میں پاکستانی آم خاص اہمیت رکھتا ہے جسے نہ صرف ملکی بلکہ  بین الاقوامی سطح پر بھی مارکیٹ کیا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹورس کے تعاون سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے زیر اہتمام سینٹورس مال، اسلام آباد میں منعقدہ مینگو فیسٹیول کی افتتاحی  تقریب  سے  خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس  موقع پر اپنے خیالات کا  اظہار کرتے  ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کہا کہ آئی سی سی آئی نے پہلی بار دارالحکومت میں آموں کی ایک بڑی نمائش کا اہتمام کیا ہے جس میں آموں کی 100 سے زیادہ اقسام کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا ہے تا کہ غیر ملکی سفارتکاروں سمیت مقامی اور غیر ملکی زائرین کے سامنے ان کی برآمداتی صلاحیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی مشکلات کے باوجود پاکستان نے 2020 میں ایک لاکھ پچیس ہزار ٹن آم برآمد کئے ۔ تاہم ایک زرعی ملک ہونے کے ناطے پاکستان آموں کی پیداوار اور برآمدات میں کئی گنا اضافہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ حکومت دارالحکومت میں ایک مستقل مینگو ایکسپو سنٹر قائم کرے تاکہ پاکستان کا دورہ کرنے والے تجارتی وفود ہمارے آموں کو دیکھ سکیں جس سے ان کی برآمدات میں بہتر اضافہ ہو گا۔

سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ہمارے کسان ابھی تک آم کی پیداوار کے پرانے طریقے استعمال کر رہے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پیداوار کے جدید طریقے متعارف کرانے میں کسانوں کے ساتھ تعاون کرے جس سے آموں کی پیداوار و برآمدات میں بہتر اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ آم درآمد کرنے والے ممالک ہیں لہذا حکومت آموں کی برآمدات کیلئے ان ممالک پر زیادہ توجہ دے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو آموں کی چھانٹی ، گریڈنگ، پیکنگ اور ویلیو ایڈیشن کی بہتر سہولیات فراہم کرے جس سے ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میںآموں کی پراسسنگ اورو ٹریٹمنٹ کے مزید جدید پلانٹ قائم کرے جس سے امریکہ و یورپ سمیت دیگر بڑی مارکیٹوں کو ہمارے آم برآمد کئے جا سکتے ہیں۔

چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، سینئر ممبران اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کے علاوہ سعودی عرب، جرمنی، متحدہ عرب امارات، بیلجیئم، فلسطین، ایران، اردن، لبنان، بحرین، برونائی دارالسلام، آذربائیجان، قازقستان، بیلاروس، افغانستان اور نیپال کے سفارتکاروں نے بھی فیسٹیول میں شرکت کی۔مینگو فیسٹیول سینٹورس مال میں 5 جولائی 2021 تک جاری رہے گا جس میں پاکستان بھر سے 40 کے قریب نمائش کنندگان نے اپنے اسٹال لگا کر آموں کی 160 اقسام کو نمائش کیلئے پیش کیا ہے جن میں 4 سے 5 اقسام شوگر فری ہیں۔