اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت اور اسرائیل نے ہائبرڈ وار شروع کی ہوئی ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ہمارا ڈیٹا چوری کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، نادرا کو بدنام کرنے کے لئے ایک انٹرنیشنل سوشل میڈیا کا استعمال ہو رہا ہے تاکہ اس ملک کے ڈیٹا کو ہی مشکوک بنا دیا جائے۔ پیرکویہاں وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ نور مقدم کیس کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس کیس میں ملوث ملزمان کو بلیک لسٹ پر ڈال دیا ہے، مبینہ قاتل کے باپ کو بھی پکڑ لیا ہے، ای سی ایل میں نام ڈالنے کے لئے اس ہفتہ کابینہ کے اجلاس میں ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا، اس کیس میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، یہاں ضمانت کرنے والا نظام نہ ہو اسی لئے اس کا نام بلیک لسٹ میں ڈالا ہے کہ وہ بھاگ نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے بعد میں منشیات کے خلاف جہاد کرنے جا رہا ہوں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ 28 تاریخ کو سیاچن گلیشیئر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور وہاں مادر وطن کے دفاع کے لئے تعینات فوجیوں کے ساتھ ملاقات کی خواہش رکھتے ہیں، پاکستان کی فوج قربانیاں دے رہی ہے، آزاد کشمیر کے الیکشن میں بھی ان کی چار جانیں گئی ہیں، پاکستان کی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے جس پر جتنا فخر کیا جائے وہ کم ہے۔