پی ٹی آئی کی حکومت تمام شعبوں میں میرٹ اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ اکبر ایوب خان

18

پشاور، 13جولائی(اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات، دیہی ترقی و پارلیمانی امور اکبر ایوب خان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بلدیات میں خواتین کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معاشرے کی نبض شناس ہیں اور مردوں کے شانہ بشانہ عوامی خدمت زیادہ بہتر کر سکتی ہیں اسلئے وہ فوری اپنے فرائض میں دلچسپی لیں اور عیدالاضحٰی کے موقع پر صفائی کے انتظامات اور عوامی شعور اجاگر کرنے میں محکمہ بلدیات کا دست و بازو بنیں۔

ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات، دیہی ترقی و پارلیمانی امور اکبر ایوب خان نے منگل کو اپنے دفتر لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران صوبے کے دس اضلاع کے نئے بھرتی شدہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بلدیات بشمول خواتین کو تقرر نامے دینےکی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

 صوبائی وزیر نے محکمہ بلدیات کے ان نئے ضلعی سربراہان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقابلے کے امتحان کے ذریعے سات ہزار امیدواروں میں سے دس قابل ترین کا چناؤ ان نوجوانوں کی صلاحیت اور قابلیت کے علاؤہ اس حقیقت کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت تمام شعبوں میں میرٹ اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ محکمہ بلدیات میں پہلے تقرریاں اور تبادلے سفارش پر ہوتی تھیں مگر اب تمام خالی آسامیاں پبلک سروس کمیشن، ایٹا اور این ٹی ایس جیسے اداروں کے ذریعے پر کی جاتی ہیں تاکہ میرٹ کا بول بالا ہو۔

 اکبر ایوب خان نے کہا کہ ہم عوام کو بہتر خدمات دینے کیلئے نئے افسران کو مناسب ٹریننگ دے رہے ہیں،انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ محکمہ بلدیات عوام کو دیگر تمام اداروں سے زیادہ بہتر ریلیف فراہم کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے بلدیاتی نظام میں ضلع کو تحصیل کونسل اور یوسی کو ویلج و نیبرہوڈ کونسل تک محدود کر دیا گیا جہاں شہریوں کو ون ونڈو سہولیات کے تحت پیدائش و اموات، نکاح اور ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی دیئے جاتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات دینے کیلئے حکومت کاغذ کی بجائے کمپیوٹر اور ڈیجیٹلائزیشن کی طرف جا رہی ہے جس سے لوگوں کو مختلف محکموں اور شعبوں کے چکروں سے مستقل چھٹکارا مل جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے دیہی علاقوں میں بھی صفائی اور ماحولیات کا شعور اجاگر کرنے کیلئے پہلی بار جینیٹرز کا تقرر کیا ہے اور اب بلدیاتی عملہ کا فرض ہے کہ وہ اس کو چیلنج کے طور پر قبول کریں۔

تقریب میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری معتصم بااللہ شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری عنایت اللہ وسیم اور ڈائریکٹر جنرل بلدیات خدا بخش نے بھی شرکت کی۔