پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں آپس میں مخلص نہیں، حکومت کو ان جماعتوں سے کوئی خطرہ نہیں؛ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

9

ملتان، 09 جولائی (اے پی پی ):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں آپس میں مخلص نہیں، ہماری دعا ہے کہ پی پی اور ن لیگ کی محبت قائم رہے کیونکہ حکومت کو اپوزیشن جماعتوں سے کوئی خطر ہ نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس ملتان میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 72منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے 11فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے حوالے سے  افتتاحی تقریب کے بعد پر یس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شفاف انتخابات کا مطالبہ کر تی ہے مگر جب حکومت انکو انتخابی اصلاحات کے لئے مذاکرات کی دعوت دیتی ہے تو یہ راہ فرار اختیار کرلیتے ہیں۔

گورنر کا کہنا تھا کہ مہنگائی سمیت دیگر چیلنجزسے نمٹنے کے لیے حکومت مکمل سنجیدگی اور نیک نیتی سے کام کر رہی ہے ،قبضہ گروپوں کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو انکو معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کو حقوق کی فراہمی کے لئے جو وعدے کیے ہیں ان پر مکمل عمل کیا جائے گا اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے تمام معاملات قواعد وضوابط کی صوبائی کابینہ آئندہ چند روز میں منظوری دے گی جسکے بعد باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا جائیگا۔انہوں  نے کہا کہ  پورے پنجاب میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر یکساں کام کیا جارہا ہے۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے پر نہیں بلکہ آئین وقانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور ملک سے کر پشن کا خاتمہ اور بلاتفر یق احتساب حکومت کی پالیسی ہے۔ انہوں   نے  کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں پر تیزی کیساتھ کام جا رہی ہے، پنجاب آپ اتھارٹی کی1500سکیموں پر دسمبر تک کام مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کیلئے آب پاک اتھارٹی مکمل فعال ہوچکی ہے۔صوبے میں صاف پانی کی 3 ہزار صاف پانی کی سکیمیں شروع کررہے ہیں جس سے76 لاکھ لوگوں کو فوری انکی دہلیز پر صاف پانی پینے کو ملے گا۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ دسمبر تک ڈیڑھ کروڑ شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے جبکہ بند فلٹریشن پلانٹس کو چلانے کیلئے مربوط پالیسی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے بتایا کہ بہاولپور یونیورسٹی میں سیکرٹریٹ قائم کرنے کے حوالے سے خبروں میں صداقت نہیں،حکومت پنجاب سے سیکرٹریٹ یونیورسٹی میں قائم کرنے کے حوالے سے بات کی جائے گی۔انہوں  نے کہا کہ تمام یونیورسٹیوں میں مستقل بنیادوں پر وائس چانسلرز تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نشتر سمیت تمام ہسپتالوں میں ڈائیلسز مشینیں اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نشتر ٹو کی تعمیر کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، مہنگائی روکنے کے حوالے سے موثر حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے،قبضہ مافیا کا تعلق جس جماعت سے بھی ہو سخت کارروائی ہوگی۔

اس موقع پر ایم پی اے حاجی جاوید اکرم انصاری ،چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد اور خالد جاوید وڑائچ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔