راولپنڈی۔ 8جولائی (اے پی پی):چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز منگلا کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف کو کور کی آپریشنل تیاریوں ، تربیت اور انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کو کور کی جاری وار گیمز کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جن کا مقصد جنگی میدان کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کے تناظر میں آپریشنل منصوبوں کا جائزہ لینا ہے۔ آرمی چیف نے جدید اور مستقبل کی ضروریات پر مبنی تربیت کے حوالے سے اسٹرائک کور فارمیشنوں کی کارکردگی اور لگن کو سراہا۔ اس موقع پر گیریژن افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے علاقائی صورتحال اور پاکستان کی سلامتی پر اس کے مضمرات کو اجاگر کیا اور کہا کہ ہمیں بدلتی ہوئی صورتحال کے لئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے افغانستان کے امن عمل کی مستقل حمایت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے بارڈر سیکیورٹی پر مناسب توجہ کے ساتھ مغربی زون کے بہتر انتظام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف قومی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے عوامی تحفظ اور بہتری کو یقینی بنانے کے سلسلے میں سول انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وبا کا مکمل خاتمہ ہونے تک زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنا اور متعلقہ ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کمانڈر منگلا کور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے ان کا استقبال کیا۔