راولپنڈی، یکم جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تین سال تک جو اپوزیشن عمران خان کو گرانے کی باتیں کررہی تھی وہ ذہنی طور پر اب تیار ہے کہ عمران خان اپنی مدت پورے کریں گے،چین، امریکا اور یورپ سمیت تمام ممالک سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں ، دہشگردی کے خلاف پاکستان کی عظیم فوج نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر ملک میں امن وامان کی فضا کو بحال رکھا ہوا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے اپنے منصب کا اہم کردار ادا کرتے ہوئے اپوزیشن کی طرف ہاتھ بڑھایا ہے ،ملک میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اتفاق کرنا چاہیے ۔ستر لاکھ سے لیکر ایک کروڑ اوورسیز پاکستانی پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کا ووٹر ہے اورآئندہ پانچ سال عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم کرنے کے لئے اوورسیز پاکستانیوں کا بہترین کردار ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو راولپنڈی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی اقوام متحدہ کی تقریر کو جس طرح قوم نے سراہا تھا اسی طرح کل کی تقریر نے پاکستانی قوم کی ترجمانی اور کشمیریوں کے جذبات کا اظہار کیا ہے ۔
شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں پاکستان کا واحد سیاسی ورکر ہوں جس کی بات کشمیر میں اسی طرح سنی جاتی ہے جس طرح یہاں کے لوگ سنتے ہیں۔ تمام کشمیریوں کو یہی کہنا چاہتا ہوں کو وہ پی ٹی آئی کو ووٹ دیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر کے انتخابات میں جو امیدوار پاکستان تحریک انصاف کے حق میں دستبردار ہوں گے ان کے گھروں میں جا کر شکریہ ادا کروں گا۔پاکستانی سیاست میں بہت بڑا فرق ہونے جاررہا ہے جوکہ ملکی سالمیت کے لئے بہترین سیاست ہوگی۔حکومت اور اپوزیشن ملکر ایک نئے راہ میں چلنے والی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ساری قوم کو یہی کہتا تھا کہ عمران خان اکثریت رائے سے بجٹ پا س کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کو ووٹ ملا اسی طرح آزادکشمیر کے انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی ہوگی۔شہباز شریف اور مریم نواز کے بارے میں جب کچھ کہتا تھا تو میڈیا میرا مذاق اڑاتا تھا مگر اب دونوں سیاست سے بہت دور جاچکے ہیں کیونکہ ان دونوں میں بہت بڑا خلا آچکا ہے اور ان کی سیاست میں بھی فرق ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چین ، امریکا اور یورپ سمیت تمام ممالک سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں اور آئندہ چھ میں افغانستان میں جو سیاست ہونے جا رہی ہے جس میں حکومت اور اپوزیشن اکھٹی ہوگی اور دعا ہے کہ افغانستان میں خانہ جنگی کی کوئی صورت پیدا نہ ہو اور جس طرح ہم نے کس ملک کے لئے اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دی اسی طرح کسی دوسرے ملک کو بھی پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دینی چاہیے۔انہوں نے کہا ہے کہ پچھلے بیس سال سے دہشگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں پاکستان کی عظیم فوج نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر پاکستان میں امن وامان کی فضا کو بحال رکھا ہوا ہے۔