ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سے برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے ایلیکس بلنگر کی  ملاقات ، ملتان کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے حوالے سے گفتگو ہوئی

19

ملتان، 13جولائی(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سے برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے ایلیکس بلنگر نے انکے آفس میں ملاقات کی، ملاقات میں ملتان کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملتان جنوبی پنجاب کا مرکز اور وسیب کا چہرہ ہے ، ملتان دنیا کے ان چند شہروں میں سے ایک  ہے جو پانچ ہزار سال سے بھی زائد عرصہ سے آباد چلا آرہا ہے،اس تاریخی شہر کی اپنی ایک تہذیب، ثقافت اور قدامت  ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملتان اور جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے ریکارڈ ترقیاتی فنڈز مختص کئے ہیں،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور اس خطے کی تعمیر میں ایک وقت لگے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے حوالے سے اس خطے کو بڑے چیلنجز بھی در پیش ہیں، سیوریج ملتان شہر کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،ماضی میں بہتر منصوبہ نہ ہونے کی وجہ سے سیوریج کا مسئلہ ایک گھمبیر شکل اختیار کر گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ ہونے کی وجہ سیوریج کا گندہ پانی نہروں میں ڈالا جارہا ہے،سیوریج کے پانی کو قابل استعمال بنانے کے لئے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی ضرورت ہے جس کے لئے 40 ارب روپے کی خطیر رقم کی ضرورت ہے۔انہوں  نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کے انڈیکٹرز بہتر ہو گئے ہیں۔

برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے ایلیکس بلنگر نے  ملتان کے آموں کی بے حد تعریف کی اور بتایا کہ وہ بطور سیاح چند سال پہلے ملتان آچکے ہیں،انہیں ملتان سے  دلی لگاؤ ہے،ملتان کے تاریخی مقامات انتہائی متاثر کن ہیں۔انہوں  نے بتایاکہ برطانوی حکومت ترقی پذیر ممالک میں شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کرتی ہے اور برطانوی حکومت اس خطے کی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔

 ایلیکس بلنگر نے بتایا کہ ملتان کے دورہ کے بعد برطانوی حکومت کو ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات بارے رپورٹ ارسال کی جائے گی۔

ثناء ضیاء اور ثاقب رحمان بھی ملاقات میں موجود تھے۔