کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے میرپور کا رہائشی شکیل احمد ٹیکنیکل تربیت حاصل کر کے برسر روزگار ہو گیا

16

اسلام آباد،18 جولائی   (اے پی پی ): کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے روزگار کی فراہمی کا دائرہ کار ملک بھر میں وسیع ہونے لگا، حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے مالی اور تکنیکی معاونت کا سلسلہ تیز کر دیا    گیا ہے ،دیگر صوبوں کی طرح کشمیری نوجوانوں کی بھی روزگار کی فراہمی کیلئے بھرپور حوصلہ افزائی کی جا  رہی  ہے ۔

نوجوانوں کو ہائی ٹیک اور جدید کورسز میں ٹیکنیکل تربیت کی فراہمی کا مرحلہ جاری، بے روزگار نوجوان اسکل اسکالرشپ کے ذریعے کیسے ہزاروں روپے ماہانہ کمانے لگے؟ معاون خصوصی عثمان ڈار نے کشمیری نوجوان شکیل احمد کی کہانی ٹویٹر پر شیئر کر دی۔

کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے میرپور کا رہائشی شکیل احمد ٹیکنیکل تربیت حاصل کر کے برسر روزگار ہو گیا، شکیل احمد نے ویب ڈویلپمنٹ اور گرافک ڈیزائننگ کی تربیت کیلئے حکومتی تعاون حاصل کیا۔

شکیل احمد نے  کہا کہ  ایف ایس سی تعلیم ہونے کے باوجود بے روزگار رہنے کا دکھ تھا، بغیر کسی فیس یا معاوضے کے نیوٹک سے گرافک ڈیزائننگ کا کورس مکمل کیا، اب آن لائین ویب سائٹس کے ذریعے ماہانہ 60 ہزار روپے تک کما رہا ہوں۔

سربراہ کامیاب جوان عثمان ڈار نے  شکیل احمد کو اسکل اسکالر شپ حاصل کرنے پر مبارکباددی اور کہا کہ خوشی ہے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلستان اور کشمیری نوجوان بھی مستفید ہو رہے ہیں ۔انہوں نے  کہا کہ حکومت تمام نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے، کامیاب جوان اسکل اسکالرشپ پروگرام بےروزگار نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ہے۔

 عثمان ڈار نے  مزید کہا کہ نوجوانوں سے درخواست ہے کہ اپنے بہتر مستقبل کیلئے حکومتی اقدامات سے فائدہ اٹھائیں۔