کراچی کیلئے پانی کے منصوبے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت ہے؛ صدر مملکت عارف علوی

53

اسلام آباد،02 جولائی (اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، کراچی کو روزانہ 1100 سے 1200 ملین گیلن  پانی کی ضرورت ہے۔   پانی کے منصوبے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روزہ کراچی کی پانی کی صورتحال پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کراچی میں پانی کی قلت کے حل کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور پانی کے حوالے سے جاری منصوبوں پر ہونے والے پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی ۔

صدر مملکت نے کہا کہ پانی کی فراہمی کے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں، کراچی کے مسائل کا جلد حل  اور شہریوں کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے، متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مربوط کوششوں سے مسائل کا جلد حل ممکن ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی  وپٹرولیم حماد اظہر، ممبر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ممبر سندھ اسمبلی  سمر خان نے آن لائن شرکت کی  جبکہ سی ای او حبکو، کامران کمال  اور دیگراعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔