کراچی کے نوجوان آصف علی نے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے بچوں کیلئے پہلا انٹرپینورشپ اسکول کھول لیا، معاون خصوصی عثمان ڈار کی منفرد بزنس آئیڈیا کی تعریف

77

اسلام آباد،17جولائی(اے پی پی): کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بچوں کا مستقبل بھی سنوارنے لگا، کراچی کے نوجوان آصف علی کی ننھے بچوں کو کامیاب بنانے کی منفرد کاوش، کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے بچوں کیلئے پہلا انٹرپینورشپ اسکول کھول لیا، حکومت کی جانب سے بھی بھرپور مدد، بزنس آئیڈیا کیلئے فوری رقم فراہم کر دی۔

اس حوالے سے کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں سے مستفید ہونے والے کراچی کے نوجوان آصف علی نے کہا کہ آج سے پہلے بچوں کو انٹرپنورشپ کی تعلیم دینے کا رجحان نہیں تھا، بچوں کو آغاز میں ہی ملازمت لینے والی نہیں دینے والی تربیت فراہم کر رہے ہیں اور روایتی تعلیم کے ساتھ انٹرپینورشپ کی بنیادی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

 آصف علی نے کہا کہ یہ سوچ ملک کے مستقبل کیلئے ہے لیکن عملدرآمد کیلئے رقم نہیں تھی، کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 1 مہینے میں 1 کروڑ روپے کی رقم مل گئی، مشن ہے کہ آئندہ 20 سال میں پاکستان کو “جاب کریئٹرز” مارکیٹ بنائیں گے۔

سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے آصف علی کو مبارکباد دی اور کہا کہ آصف علی کے زبردست بزنس آئیڈیا نے متاثر کیا ہے، دنیا بھر میں ایسے آئیڈیاز کی ہی قیمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بچوں کا مستقبل سنوارنے کا موقع ملا،پاکستان میں انٹرپینیورشپ کی سوچ کو عام کرنا ہوگا۔

معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ بچوں کو آغاز میں ہی اس کی تربیت کی فراہمی شاندار قدم ہے، اپنے بچوں کو بھی ایسی ہی تعلیم و تربیت دینے کا خواہشمند ہوں۔