کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے حوالے سے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی بلوچستان کا کلیدی کردار ۔گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا

54

کوئٹہ26جولائی(اے پی پی) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے حوالے سے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی بلوچستان کا کلیدی کردار ہے لہٰذا ضروری ہے کہ اس ادارے کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے تحت چلائیں تاکہ اس ادارے سے معاشرے کے زیادہ سے زیادہ غریب اور مستحق افراد مستفید ہو سکیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کو ریڈ کریسنٹ سوسائٹی بلوچستان کا ایرپورٹ روڈ پر واقع آفیس کے دورے کے موقع پر میڈیا پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی بلوچستان کے چیرمین عبدالباری بڑیچ سمیت تحریک انصاف کے صوبائی عہدیداران اور سینئیر کارکنان بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے آزاد کشمیر الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ جیت نہ صرف تحریک انصاف کی ایماندار قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے بلکہ اُن کی خلوص نیت کی بڑی فتح بھی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اسطرح تحریک انصاف کشمیر ایشو کو عالمی سطح اُجاگر کرنے میں بھرپور نمایندگی کرے گی. انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہو رہا ہے اور گرین پاسپورٹ کے امیج میں مزید اضافہ ہو رہا ہے. انہوں نے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی بلوچستان کے چیرمین عبدالباری بڑیچ اور ان کی پوری ٹیم پر زور دیا کہ وہ اپنے ادارے کے مقرر کردہ مقاصد کے حصول کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں اور بلاامتیاز لوگوں کی خدمت کریں. قبل ازیں قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے میڈیا پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار اپنی پارٹی کے ایک کارکن کو گورنر بلوچستان بنا کر ایک نئی تاریخ رقم کی اور گورنر ہاوس کے دروازے عام لوگوں کیلئے کھول دیے. انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت بلوچستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے اور بلوچستان کو ملک کے دیگر صوبوں کے برابر لانے کیلئے اپنا حصہ بھی ڈال رہی ہے. انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں عوام نے بلے کے نشان پر مُہر لگا کر وزیراعظم پاکستان کی صلاحیتوں اور کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا جو ایک تاریخ ساز کامیابی ہے. اس سے انصاف کا بول بالا ہوگا. انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ہلال احمر بلوچستان بلارنگ و نسل غریب عوام کی خدمت کریگا. واضح رہے کہ چیرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی بلوچستان عبدالباری بڑیچ نے اپنے فرائض کی باقاعدہ ادائیگی شروع کر دی ہے۔