کوئٹہ،23 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے عوام کو بنیادی سہولیات اور گرمی کے اس موسم میں بغیر لوڈ شیڈنگ کے بجلی فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کوئٹہ میں تین نئے فیڈرز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر نئے فیڈرز ضروری تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ ماندہ گریڈ نواں کلی فیڈر اور پشتوں آباد میں نئے فیڈر کی تنصیب سے ایئرپورٹ روڈ نواں کلی سمیت گردو نواح کے بجلی کے مسائل حل ہوجائیں گے۔
قاسم خان سوری نے کہا کہ شہر میں جتنے زیادہ فیڈرز ہوں گے ان سے لوڈ شیڈنگ میں کمی اور عوام کو بہتر بجلی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے عوام کے مسائل کو بتدریج حل کیا جائے رہا ہے۔











