اٹک،28 جولائی (اے پی پی):ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر حکومت پنجاب کے ہیپاٹائٹس کنڑول پروگرام کے تحت محکمہ صحت اٹک کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ اٹک ڈاکٹر جواد الٰہی نے کہاکہ ہیپاٹائٹس ایک خطرناک مرض ہے جس سے بچاؤ کیلئے حکومت پنجاب نے کئی اقدامات اٹھا رکھے ہیں ، اگر کسی کو اس مرض کا شک ہو تو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک سمیت تمام تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں تشخیص اور مکمل علاج کی فری سہولیات موجود ہیں۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ جہاں پر ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں وہیں پر عوام کو زیادہ سے زیادہ کورونا ویکسین لگوانے کی طرف راغب کریں تاکہ ملک میں کورونا وبا میں کمی آ سکے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آر آئی ایم این سی ایچ ڈاکٹر سعید اختر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ بہبود آبادی ضلع اٹک ڈاکٹر انیقہ ملک نے سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کا عالمی دن منانے کا مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرناہے۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس پولیو سے زیادہ خطرناک ہے ، پولیو تو صرف اپاہج کرتا ہے مگر ہیپاٹائٹس مرض انسان کی جان لے لیتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس ایک ایسی بیماری ہے جس کی علامتیں جلد ظاہر نہیں ہوتی ہیں جس کیلئے یہ ضروری ہے کہ معمولی بخار اور کمزوری محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر متعلقہ ڈاکٹر سے اپنا معائنہ کرانا چاہئے۔
سیمینار میں ڈاکٹر انیقہ نے ماؤں خصوصاً حاملہ خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنا معائنہ وقتاً فوقتا کراتی رہیں۔