لاہور،16 جولائی(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عوامی فلاح و بہبود پر مبنی پنجاب حکومت کے ٹھوس اقدامات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے ایک قوم اور ایک نصاب کو رائج کر دیا گیا ہے جس کی تعلیمی میدان میں نہ صرف یہ کہ انقلاب برپا ہو گا بلکہ یوں امیر اور غریب کے بچوں کے مابین تفریق بھی ختم ہو جائے گی اس کے ساتھ ساتھ پڑھانے اور پڑھنے والوں کے لئے بھی آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم ہوں گے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لئے بھی ماسٹر پلان تیار ہو چکا ہے ، پہلے مرحلے میں 48 لیڈ ٹرینرز اور 2500 ماسٹر ٹرینرز کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم پنجاب کے تحت تیار کیا جائے گا، اس کے علاوہ 300000 پرائیویٹ اور سرکاری سکول اساتذہ کی ٹریننگ کی جائے گی اور اس دوران انھیں ایوارڈز اور سرٹیفیکیٹس سے بھی نوازا جائے گا۔