ملک میں پہلی بار پانچویں جماعت تک یکساں نصاب تعلیم کل سے لاگو ہو گا؛ شفقت محمود

10

اسلام آباد،15اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا نصاب لایا جا رہا ہے جو ملک کے سارے سکولوں اور مدارس میں نافذ ہو گا، نجی، سرکاری اور انگلش میڈیم سکولوں میں نفاذ ہو گا، سب کیلئے یکساں نصاب ہو گا،  پہلے مرحلہ میں کلاس ایک تا پانچ نافذ ہو رہا ہے، اگلے سال 6 تا 8 نافذ ہو گا اور 2023ء میں نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کا نصاب نافذ ہو گا۔

 اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ  یکساں نصاب اس لئے ضروری ہے کہ موجودہ تعلیمی نظام ناانصافی پر مبنی ہے جس میں ایک چھوٹا طبقہ خاص قسم کی تعلیم حاصل کر کے زندگی میں آگے بڑھنے کے وسیع مواقع سے مستفید ہوتا ہے جبکہ  اکثریت اس سے محروم رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 70 تا 75 فیصد سرکاری سکولوں اور مدارس کے بچوں کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، دوسری وجہ تعلیمی نظام کی وجہ سے معاشرے کی تقسیم ہے جس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تعلیمی نصاب مختلف ہو تو معاشرے میں مشکل پیدا ہوتی ہے، اگر ہماری قدریں مشترک ہوں گی تو ہمارے تاثرات بھی مشترک ہوں گے اور اس سے قومیت کا جذبہ پیدا ہو  گا۔