لاہور 5 اگست (اے پی پی): متحدہ علما بورڈ حکومت پنجاب اور پاکستان علما کونسل کے تعاون سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی اور یوم استحصال کشمیر اور 5 اگست کےمودی سرکار کے غیر قانونی اقدام کی مذمت کے تناظر میں علما کا سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جسے زیادہ دیر دبایا نہیں جا سکتا ، ہٹلر مودی کے بہیمانہ اقدام کے باعث 5 اگست کو یومِ استحصال کشمیر کے طور پر تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت جاری رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے اور وزیر اعظم عمران خان کا عزم ہے کہ مظلوم کے حق کی خاطر ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہنا ہے موجودہ حکومت نے کشمیریوں کے لئے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔