اسلام آباد، یکم اگست ( اےپی پی): اتوار کو ”آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ” پروگرام میں ٹیلی فون کالز اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعہ عوام سے براہ راست گفتگو میں ، نجی ٹی وی چینل کے صحافی حبیب اکرم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آزاد میڈیا سے ڈرنے والے حکمرانوں نے قانون توڑنا ہوتا ہے اس لئے وہ گھبراتے ہیں اور یا پھر کرپٹ حکام آزاد میڈیا سے ڈرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں نے چوری کی ہو تو پھر آزاد میڈیا سے ڈروں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میڈیا کا کام مثبت ہونا چاہئے غلط اطلاعات سے اجتناب کرنا چاہئے اور مثبت تنقید کے ذریعہ حکومت اور اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کیلئے آزادی اظہار رائے بہت بڑی نعمت ہے۔











