آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں رہنے والے کشمیریوں نے 5اگست 2019کو اٹھائے گئے یکطرفہ اقدام کے خلاف ’’یوم استحصال کشمیر‘‘منایا

24

اسلام آباد۔5اگست  (اے پی پی):آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں رہنے والے کشمیریوں نے بھارت کی جانب سے بھارت غیر قانونی زیرتسلط کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے  5اگست 2019کو اٹھائے گئے یکطرفہ اقدام کے خلاف ’’یوم استحصال کشمیر‘‘منایا۔ اس موقع پر صبح 9بجے ایک منٹ کے لئے ٹریفک روک دی گئی جبکہ ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ ہائوس سے ڈی چوک تک یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی کی قیادت کی جس میں وفاقی وزرا چوہدری فواد حسین، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید احمد، اعظم سواتی  ، شبلی فراز، عمر ایوب سمیت اراکین پارلیمنٹ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ وزارت خارجہ سے بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر قیادت ریلی نکالی گئی جو ڈی چوک میں صدر مملکت کی زیر قیادت نکالے جانے والی ریلی میں شامل ہو گئی۔  ریلی کے شرکا نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ 5 اگست 2019 کے اقدام کے خلاف پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ ریلی میں شہدا کشمیر کیلئے فاتحہ خوانی بھی کرائی گئی۔ ’’یوم استحصال کشمیر‘‘کے موقع پر صدر ، وزیراعظم، آرمی چیف  سمیت اہم شخصیات کے خصوصی پیغامات جاری کئے گئے  جن میں انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا اور کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مسلمانوں کی تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے کبھی ظلم و جبر برداشت نہیں کیا، بھارت خطہ میں امن تباہ کر رہا ہے، کشمیر میں حالات معمول پر آنے تک پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا، مقبوضہ کشمیر کے گوشے گوشے سے کشمیر کی آزادی کی صدا بلند ہو رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج بھارت عالمی قوانین، اقدار کی پامالی اور ریاستی دہشت گردی سے خطہ کا امن تباہ کر رہا ہے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارادادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے ، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کشمیر کیلئے ہم نے چار جنگیں لڑیں، بھارت کی فاشسٹ مودی حکومت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتی، پاکستان کے عوام کشمیریوں کیلئے لہو دے چکے ہیں ۔  وزیر خارجہ  مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری مودی کے غیر قانونی اقدام کو مسترد کرتی ہے، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی جبر جاری ہے،بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بحران پیدا کر رہی ہیں۔