اسلام آباد، یکم اگست ( اےپی پی): اتوار کو ”آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ” پروگرام میں ٹیلی فون کالز اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعہ عوام سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کھیلوں کو جو وقت دینا چاہئے تھا نہیں دے سکا، معیشت اور دیگر مسائل پر توجہ کی وجہ سے یہ وقت نہیں دے سکا، میں کھیلوں کے بارے میں بہتر جانتا تھا، کرکٹ، ہاکی، سکوائش کا عروج دیکھا، کھیلوں میں پستی کی بنیادی وجہ دو خاندانوں کی حکومت ہے جنہوں نے ادارے تباہ کئے، انہوں نے نیب میں اپنے من پسند افراد بٹھا کر اسے تباہ کیا لیکن ہمارے دور میں نیب نے پہلی بار بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا حالانکہ وہی قانون ہے، بے شرمی اور بے دردی سے ملک لوٹا، اب اس ادارے نے ان کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کھیلوں میں ہم دنیا سے مقابلہ کر رہے تھے، دنیا اپنے جدید ذرائع سے آگے بڑھ رہے ہے، ہمارا مسئلہ کھیلوں کے ادارے نہ بنانا ہے، سکواش میں جان شیر اور جہانگیر خان کے جانے کے بعد یہ کھیل ہمارے ہاتھ سے نکل گیا کیونکہ ہم نے سکواش کا ادارہ نہیں بنایا، ہم نے کھیلوں کے ادارے بنانے ہیں، پروفیشنلز لے کر آنے ہیں، آخری دو سال میں اس پر بھرپور توجہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم بہتر ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ نے بھارت کو ہرا دیا، ہم نے یونین کونسل کی سطح تک میدان بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ہم آہستہ آہستہ سسٹم ٹھیک کریں گے۔











