اتحاد بین المسلمین کے وفد کی امن اور بھائی چارے کا ”علم” اٹھائے ملتان آمد

46

ملتان،03 اگست(اے پی پی): اتحاد بین المسلمین کے وفد کی امن اور بھائی چارے کا ”علم” اٹھائے ملتان آمد، تمام مسالک کے علماء کرام کا محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن کے قیام کا عزم کیا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس میں مذہبی منافرت اور فرقہ بندی کی بھرپور حوصلہ شکنی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر جاوید اختر محمود، آر پی او ملتان سید خرم علی موجود تھے۔ ڈی سی ملتان علی شہزاد، ڈی سی وہاڑی مبین الہی، ڈی سی لودھراں عمران قریشی بھی شریک ہوئے ڈی سی خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی، سی پی او مسعود مارتھ، ڈویژن کے ڈی پی اوز شریک ہوئے۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماءکرام، امن کمیٹیوں کے ممبران کی بھرپور شرکت کی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین اور ”پیغام پاکستان “کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور کہا قیام امن کیلئے علماءکا بھرپور تعاون حکومت کیساتھ ہے، محرم الحرام میں امن کے فروغ کیلئے تمام علماء کو اپنا کلیدی کردار ادا کریں علماء، ذاکرین اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کی فضاء کو قائم رکھیں، اسلام سلامتی کا مذہب ہے، اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا فاروق اعظمؓ وحضرت سیدنا امام حسینؓ کی شہادت سے ہمیں جذبہ ایثار کا درس ملتا ہے اور کہا امن کیلئے حکومت، افواج پاکستان سیکیورٹی اداروں، پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔

مولانا عبدالخبیر نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے وطن عزیز کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں بے مثال ہیں۔

کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ حکومت پنجاب امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے تعاون کی خواہاں ہے اور کہا حکومت پنجاب نے امن کیلئے ضلعی انتظامیہ کو مکمل اختیارات تفویض کیے ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن کو محرم الحرام کے جلوسوں کے حوالے سے مرمت کا ٹاسک سونپا جاچکا ہے،عزاداروں کی سہولت کیلئے جلوسوں کے روٹس پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے۔

ڈی سی نے کہا کہ ضلع میں جلوسوں مجالس کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کیا جارہا ہے اور کہا محکمہ ہیلتھ ، ریسکیو اور دیگر اداروں سے میٹنگز کی جاچکی ہیں۔

آر پی او سید خرم علی نے کہا کہ محرم الحرام کے پہلے 10 روز 910 جلوس، 3182 مجالس ہوں گی، محرم الحرام میں امن و امان کیلئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا جاچکا ہے، ڈویژن میں 10 ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔

علماء کرام نے کہا محرم الحرام ہمیں برداشت،صبر اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے امن کی فضا قائم رکھنے میں ہم سب کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

اجلاس میں تمام مسالک کے علماء کرام نے انتظامیہ کے ساتھ اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔